وائناڈ، 23 اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کیرالہ کی وایناڈ سیٹ سے الیکشن لڑ رہے کانگریس صدر راہل گاندھی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگا ہے۔این ڈی اے کے امیدوار تشار ویللاپلی نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے کہ ووٹنگ کے دن بھی ٹویٹر کے ذریعے راہل اپنا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔بتا دیں کہ راہل نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹر پر ویڈیوشیئرکرتے ہوئے لکھاکہ ہندوستان میں لاکھوں نوجوان پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں، ان کے ہاتھوں میں ہندوستان کا مستقبل ہے،مجھے یقین ہے کہ وہ ہر ہندوستانی کے لئے NYAY چاہتے ہیں اور سمجھداری سے ووٹ دیں گے۔پہلی بار ووٹ کا حق استعمال کرنے جا رہے نوجوانوں کے ساتھ اس مختصر ویڈیو کو شیئر کریں۔راہل کے اس ٹویٹ پر تشارویلاپللی نے کہا کہ وایناڈ سیٹ پر انتخابی مہم 21 اپریل کی شام 5 بجے ہی تھم گیا تھا۔اس کے باوجود وایناڈ سیٹ سے الیکشن لڑ رہے کانگریس امیدوار اپنے ٹویٹر کے ذریعے ووٹنگ کے دن بھی پروپیگنڈے کر رہے ہیں۔23 اپریل کو دن میں 11.20 میں راہل گاندھی نے ایک ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔این ڈی اے کے امیدوار تشار ویللاپلی نے الیکشن کمیشن سے راہل گاندھی کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تشار نے کہا کہ منصفانہ انتخابات کرانے کے لئے یہ کارروائی بہت ضروری ہے۔